آپ کو رسول اللہ سے محبت ہے نا؟



آپ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہے نا؟ تو بس پھر آج سے عہد کریں کہ اس محبت کا اظہار محض زبانی کلامی نہیں ہو گا بلکہ آپ اپنے عمل سے بھی اس کی گواہی دیں گے۔

آپ کو رسول اللہ سے محبت ہے نا؟ تو پھر آپ نماز کیسے چھوڑ سکتے ہیں؟ عہد کریں کہ ان شاء اللہ آج سے کوئی نماز قضا نہیں کریں گے۔ خصوصا فجر کی نماز کے لئے اٹھنے کا لازمی اہتمام کریں گے کیونکہ یہ نماز ہم جیسے دنیا داروں کے لئے سب سے مشکل ہے۔

آپ کو رسول اللہ سے محبت ہے نا؟ تو پھر آپ قرآن سے کیسے لاتعلق رہ سکتے ہیں؟ عہد کریں کہ آج سے ان شاء اللہ روزانہ قرآن پڑھیں گے، سمجھیں گے اور اس پر عمل کریں گے۔ اس میں بیشک مقدار کا تعین نہ کریں۔ چاہے روزانہ ایک آیت ہی پڑھیں، لیکن قرآن سے تعلق قائم رکھیں۔ قرآن سے ہدایت لیں اور اس کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

آپ کو رسول اللہ سے محبت ہے نا؟ تو پھر آپ رسول اللہ کی سنتوں کو کیسے نظر انداز کر سکتے ہیں؟ احادیث کی کتب کا مطالعہ کریں، اپنے پیارے نبی کی پیاری سنتوں کو جانیں، اور اپنی زندگی کو سنت کے سانچے میں ڈھالیں۔ دیکھیں کہ رسول اللہ کے معمولات کیا تھے، ان کی ترجیحات کیا تھیں، وہ اپنا وقت کن چیزوں میں لگاتے تھَے اور انہوں نے اپنی زندگی میں آنے والی ہر صورتحال کا مقابلہ کیسے کیا۔

آپ کو رسول اللہ سے محبت ہے نا؟ تو پھر آپ اللہ اور نبی سے جنگ کیسے کر سکتے ہیں؟ عہد کریں کہ سودی کاروبار اور لین دین سے دور رہیں گے۔ نہ سود لیں گے اور نہ دیں گے۔ اس گناہ سے دور رہیں گے جس کا درجہ اپنی ماں سے زنا کرنے سے بھی بڑھ کر ہے۔

آپ کو رسول اللہ سے محبت ہے نا؟ تو پھر آپ برائی اور بے حیائی کی باتوں میں دل کیسے لگا سکتے ہیں؟ عہد کریں کہ آج سے فحش فلمیں اور گانے نہ دیکھیں گے اور نہ سنیں گے۔ نفسانی خواہشات کو ابھارنے والے ان شیطانی ہتھکنڈوں سے خود کو دور رکھیں گے۔

آپ کو رسول اللہ سے محبت ہے نا؟ تو پھر آپ کوئی حرام چیز اپنے حلق سے نیچے کیسے اتار سکتے ہیں؟ عہد کریں کہ آج سے صرف حلال ہی کھائیں گے اور جن ذرائع سے کمائی کریں گے ان میں بھی حرام کی کوئی آمیزش نہ ہو گی۔

آپ کو رسول اللہ سے محبت ہے نا؟ تو پھر آپ لوگوں کو دھوکہ کیسے دے سکتے ہیں؟ ملاوٹ کیسے کر سکتے ہیں؟ رشوت کیسے دے سکتے ہیں؟ ناجائز سفارش کیسے کر سکتے ہیں؟ ذخیرہ اندوزی کیسے کر سکے ہیں؟فحش کلامی اور گالم گلوچ کیسے کر سکتے ہیں؟ حقدار کو اس کے حق سے محروم کیسے رکھ سکتے ہیں؟ جرائم میں کیسے ملوث ہو سکتے ہیں؟

آپ کو رسول اللہ سے محبت سے نا؟ تو بھائی پھر آپ اس مشن سے کیسے لاتعلق رہ سکتے ہیں جس مشن میں آپ کے نبی نے اپنی پوری زندگی لگا دی؟ عہد کریں کہ آج سے دین خود بھِی سیکھیں گے، دوسروں کو بھی سکھائیں گے اور ایک اسلامی معاشرہ قائم کرنے کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

اگر آپ یہ سب کرنے پر خود کو تیار پاتے ہیں تو پھر آپ کو عشقِ رسول کا دعوٰی کرنے کا کچھ حق ہے۔ اور اگر آپ یہ کرنے پر تیار نہیں ہیں تو پھر آپ کا دعوٰی بس زبانی جمع خرچ ہی ہے اور کچھ نہیں۔ اللہ تعالٰی مجھے اور آپ کو ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا سچا عاشق بننے کی توفیق عطا فرمائیں، ہمارے دلوں کو اسلام پر قائم رکھیں اور ہمیں اپنی زندگیاں قرآن و سنت کے سانچے میں ڈھالنے کی استطاعت نصیب فرمائیں۔ آمین

اللہم صلی علی محمد وعلی آل محمد
اللہم بارک علی محمد وعلی آل محمد