ہمارا نفس کسی فرعون سے کم نہیں


نفس ماهم کمتر از فرعون نیست
لیک او را عون و ما را عون نیست
(مولانا رومی) 

میرا نفس بھی کسی فرعون سے کم نہیں ہے۔ بس فرق یہ ہے کہ فرعون کے پاس فوج تھی اور میرے پاس فوج نہیں ہے۔ 

فرعون کے پاس فوج تھی لہذا اس نے کھلے عام الله تعالٰی کی ربوبیت کا انکار کیا اور مصر پر اپنا مکمل تسلط قائم کیا۔ میرا پاس فوج نہیں لہذا میں کھلے عام الله تعالٰی کی ربوبیت کا انکار نہیں کر سکتا، میرا زورصرف اپنے جسم پر ہی چلتا ہے اور اپنے جسم پر میں نے اپنے نفس کی حکمرانی قائم کر رکھی ہے۔

ہمارے ہاں عمومًا یہ سمجھا جاتا ہے کہ فرعون نے خدائی کا دعوٰی کیا تھا۔ لیکن درحقیقت اس کا دعوٰی یہ نہیں تھا کہ پوری کائنات کو میں نے تخلیق کیا ہے اور میں ہی پوری کائنات کا نظام چلا رہا ہوں۔ اس نے ربوبیت کا دعوٰی کیا تھا اور یہ دعوٰی مصر کے ملک کی حد تک تھا۔ وہ کہتا تھا الیس لی ملک مصر؟ کیا یہ مصر کا ملک میرا نہیں ہے؟ کیا یہ میری مرضی نہیں کہ اس ملک پر جیسا چاہوں قانون نافذ کروں؟ وہ کہتا تھا انا ربکم الاعلٰی، میں تمہارا سب سے اعلٰی رب ہوں۔ تم اپنے جس خدا کی عبادت کرتے تھے کرتے رہو لیکن میرے ملک میں رہنا ہے تو میرا حکم ماننا ہو گا۔ مصر کا سب سے اعلٰی رب میں ہوں۔ 

کیا اب ہمارا حال بھی ایسا ہی نہیں ہے؟ کیا ہم بھی یہی نہیں کہتے کہ میں اپنے جسم کا مالک ہوں، میری مرضی ہے کہ اس کے ساتھ جیسا مرضی سلوک کروں؟ مائے لائف، مائے رُولز۔ میرا جسم، میری مرضی۔ خدا کا حکم ہو تو ہو، میری مرضی ہے کہ اسے مانوں یا نہ مانوں۔ تمہیں خدا اچھا لگتا ہے تو تم جتنی مرضی اس کی عبادت کرو، اس سے لو لگاؤ، اس کے سارے حکم مانو۔ لیکن تمہیں اس بات کا کوئی حق نہیں کہ تم مجھے بتاؤ کہ خدا کا حکم کیا ہے اور مجھے اپنی زندگی کیسے گزارنی ہے۔ 

یہ تو ایک فرد کا معاملہ ہوا۔ لیکن کیا بطور قوم اجتماعی معاملات میں بھی رویہ یہی نہیں ہو گیا؟ یہ باقاعدہ ایک سیاسی نظریہ ہےکہ اجتماعی معاملات ہم آپس میں مل کے اپنی مرضی سے طے کریں گے۔ الله و رسول کا حکم جو بھی ہو، ہم اسے پسِ پشت ڈالیں گے کہ اجتماعی معاملات میں الله و رسول کو بولنے کا کوئی حق نہیں۔ یہ ہمارا ملک ہے، اور یہ ہماری مرضی ہے کہ اِدھر کیسا قانون بنائیں۔ 

فرعونیت اور کسے کہتے ہیں؟ 

الله تعالٰی کے حکم پر اپنی مرضی کو ترجیح دینا فرعونیت ہے۔ 
اور ہمارا نفس کسی فرعون سے کم نہیں۔ 

نفس ماهم کمتر از فرعون نیست
لیک او را عون و ما را عون نیست