عبادات: نفس پر قابو پانے کا ذریعہ


اگر آپ اسلام کی عبادات پر غور کریں تو آپ پر یہ حقیقت منکشف ہو گی کہ ہر عبادت روح کو تقویت پہنچانے اور نفس کے غلبے کو ختم کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔

نیند انسانی جسم کی ایک بنیادی ضرورت ہے جس کا زور توڑنے کے لئے فجر اور تہجد ہے، باقی چار فرض نمازیں یہ احساس دلاتی ہیں کہ (دن کے وقت) کام کاج اور (رات کے وقت) گھر والوں کی محبت اللہ کی یاد سے غافل نہ کرنے پائے۔

مال کی محبت ختم کرنے کے لئے زکوٰة اور صدقات کا نظام ہے۔ بھوک اور جنسی جذبے پر قابو پانے کے لئے روزے ہیں۔ اور حج ان تمام کا مجموعہ ہے جہاں انسان پوری دنیا سے کٹ کر ایک خالص دینی ماحول میں اپنا وقت گزارتا ہے اور اپنے ایمان کو تقویت دیتا ہے۔

لہذا اگر کوئی شخص خلوصِ دل اور باقاعدگی کے ساتھ ان عبادات کو ادا کرتا رہے تو اس کا لازماً نتیجہ یہ نکلے گا کہ اس کا نفس کمزور ہو گا اور ایمان قوی ہوتا چلا جائے گا۔